ممبئی۔/2اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ مہاراشٹرا میں بی جے پی ۔ شیوسینا اور کانگریس۔ این سی پی اتحاد ٹوٹنے کے بعد پانچ رخی مقابلہ ہونے والا ہے لہذا اب یہاں کے انتخابی نتائج بہت ہی دلچسپ اور حیرت انگیز ثابت ہوں گے۔ ایک اور خوشگوار تبدیلی یہ ہوئی ہے کہ 2009 کے مقابلہ میں 2014کے انتخابات میں مسلم امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔چار اہم سیاسی جماعتوں کے علاوہ ایم این ایس کی جانب سے کھڑے کئے گئے امیدواروں کی جملہ تعداد1356ہے جو 288 نشستی مہاراشٹرا اسمبلی کیلئے اپنی قسمت آزمائیں گے اور ان میں مسلم امیدواروں کا تناسب 3.3 فیصد ہے۔2009ء میں مسلم امیدواروں کی تعداد705 تھی۔ بہر حال15 اکٹوبر کو منعقد شدنی انتخابات کے لئے کانگریس نے 19مسلمان امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے جو کسی بھی پارٹی کی جانب سے سب سے زیادہ تعداد ہے جبکہ 2009 میں یہی تعداد 12تھی۔ دوسری طرف این سی پی نے مسلمان امیدواروں کی تعداد میں اضافہ کیا جو بڑھ کر 16ہوگئی ہے جبکہ 2009میں صرف 4مسلم امیدوار ہی میدان میں تھے۔ بی جے پی کی سابق حلیف جماعت شیوسینا نے دو مسلمان امیدواروں کو ٹکٹ دیئے ہیں جبکہ 2009 میں صرف ایک مسلمان امیدوار کو ٹکٹ دیا گیا تھا۔ راج ٹھاکرے کی ایم این ایس نے سات مسلمان امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے 2009 میں صرف ایک مسلمان امیدوار کو ٹکٹ دیا گیا تھا۔مہاراشٹرا کے مالیگاؤں حلقہ انتخاب میں مختلف پارٹیوں کی جانب سے انتخابی مقابلہ میں حصہ لینے والے مسلمانوں کی تعداد سب سے زیادہ یعنی 17ہے۔ مالیگاؤں میں صرف ایک غیر مسلم امیدوار راجیش منگو مورے ہے جو مایاوتی کی بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہیں۔ 15اکٹوبر کو رائے دہی کے بعد 19اکٹوبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔