مہاتما گاندھی کی 67 ویں برسی پر قوم کا خراج

نئی دہلی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاتما گاندھی کی آج 67 ویں برسی ہے۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم نریندر مودی نے بابائے قوم کو ملک بھر کی جانب سے خراج پیش کرنے کی قیادت کی پرنب مکرجی نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول پیش کئے۔ نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری اور وزیراعظم نریندر مودی نے بھی امن کے مسیحا کو اپنا خراج پیش کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ مرکزی وزیر شہری ترقی وینکیا نائیڈو بھی تھے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ بھی مہاتما گاندھی کی یادگار پر پہنچ کر خراج پیش کیا اور یہاں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ فوج کے تینوں خدمات کے سربراہوں اور ایرچیف مارشل اروپ رابا، اڈمرل رابن دھون اور جنرل دلبیر سنگھ سوہاگ نے بھی وزیردفاع منوہر پاریکر کے ہمراہ خراج پیش کیا۔ مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر لکھا ہیکہ پوچیا بابو کو میرا خراج پیش ہے۔ بابائے قوم کا 1948ء میں آج ہی کے دن قتل کیا گیا تھا۔ یوم شہیداں کے موقع پر میں ہر ایک شہید کو اپنا خراج پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہماری قوم کیلئے اپنی جانیں قربان کی تھیں۔ راج گھاٹ پر ہمہ مذہبی دعائیہ اجتماع بھی منعقد کیا گیا۔ اسکولی طلباء نے بھی راج گھاٹ پہنچ کر بابائے قوم کو خراج پیش کیا۔