مکہ میں منعقد شدنی سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے عرب ممالک مدعو

ریاض ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عرب لیگ نے مکہ مکرمہ میں دو علاقائی سربراہ اجلاس کے دعوت نامے تمام رکن ممالک کو بھیج دیے ہیں۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 30 مئی کو عرب لیگ اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے بیک وقت دو اجلاس طلب کیے ہیں اور ان میں سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حالیہ حملوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) نے عرب لیگ کے ایک عہدے دار کے حوالے سے پیر کو تنظیم کے رکن ممالک کو دعوت نامے بھیجنے کی اطلاع دی ہے لیکن قطر نے کہا ہے کہ اس کو یہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے۔گذشتہ منگل کے روز سعودی عرب میں آرامکو کی تیل کی تنصیبات کو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا اور یمن کے حوثی باغیوں نے ان حملوں کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔اس سے دو روز پہلے گذشتہ اتوار کو متحدہ عرب امارات کی آبی حدود کے قریب چار بحری جہازوں پر تخریبی حملے کیے گئے تھے۔ان میں دو تیل بردار بحری جہاز سعودی عرب کے تھے۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہفتے کے روز ان حملوں کے مضمرات پر غور کے لیے مکہ مکرمہ میں عرب لیگ اور خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس بلانے کی تجویز پیش کی تھی۔