حیدرآباد ۔ 16۔ اگست (سیاست نیوز) کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ایک عازم حج کا آج مکہ مکرمہ میں انتقال ہوگیا ۔ گلبرگہ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 69 سالہ عبدالستار اپنی اہلیہ فہیم النساء بیگم کے ساتھ 10 اگست کو حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے، ان کا کور نمبر KAF-15503-2 ہے اور ان کا قیام عزیزیہ کی بلڈنگ نمبر 407 میں تھا۔ گردوں کی خرابی کے عارضہ کے سبب انہیں کل مکہ مکرمہ کے النور ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں آج صبح انتقال ہوگیا ۔ نماز جنازہ اور تدفین شام میں مکہ مکرمہ میں عمل میں آئی۔ شوہر کے انتقال کے سبب فہیم النساء بیگم کو حج کی ادائیگی میں شرعی رکاوٹ پیدا ہوچکی ہے کیونکہ وہ محرم کے بغیر فریضہ حج ادا نہیں کرسکتی۔ سعودی عرب میں اگر ان کا کوئی محرم رشتہ دار ہے تو ان کے ساتھ فریضہ حج کی ادائیگی کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ ہندوستان سے کسی محرم رشتہ دار کی روانگی کے امکانات موہوم ہوچکے ہیں کیونکہ عازمین حج کی روانگی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔