حیدرآباد/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے ایک حاجی صاحب کا انتقال ہوگیا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ مریال گوڑہ ضلع نلگنڈہ کے 69 سالہ جناب محمد خان محفوظ زمرہ کے تحت حج کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ ان کا کور نمبر TSR-2495-2 تھا ۔ ان کے ہمراہ محمد اسمعیل نامی رشتہ دار بھی روانہ ہوئے تھے۔ وہ نظام رباط میں مقیم تھے۔ مناسک حج کی تکمیل کے بعد وہ طواف زیارت کی سعی کے موقع پر صفا و مروہ کے درمیان لاپتہ ہوگئے ان کے ساتھی کسی کام سے جاکر جب واپس ہوئے تو انہوں نے محمد خان کو نہیں پایا۔ کافی تلاش کے بعد جب پتہ نہیں چلا تو گمشدگی کی اطلاع حکام کو دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ صفا و مروہ کے درمیان اچانک طبیعت بگڑنے پر سیکورٹی اسٹاف نے انہیں النور ہاسپٹل منتقل کیا جہاں انتقال ہوگیا۔ بعد میں انڈین حج مشن کو انتقال کی اطلاع دی گئی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے خادم الحجاج سے ربط قائم کرکے تدفین کے انتظامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے انڈین حج مشن سے ربط قائم کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہفتہ کی شب یا اتوار کی صبح مکہ مکرمہ میں تدفین عمل میں آئیگی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان اور اسپیشل آفیسر نے حاجی صاحب کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور پسماندگان کو صبر کی تلقین کی۔ اسی دوران حیدرآباد سے روانہ ہونے والے دیگر حجاج کرام خیریت سے ہیں اور خادم الحجاج وقتاً فوقتاً حج کمیٹی کو رپورٹ روانہ کررہے ہیں۔