مکہ مکرمہ میں خودکش دھماکہ کی جھوٹی رپورٹ

جدہ ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک باوثوق ذریعہ کے مطابق مسجد حرام میں ایک شخص کا خود کو دھماکہ سے اڑا دینے کی رپورٹس بالکل بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ رمضان المبارک کے 25 ویں روزہ کے موقع پر مذکورہ شخص کو مسجد حرام کے سیکوریٹی ارکان کے ساتھ بحث و تکرار اور ہاتھا پائی کا ویڈیو وائرل (ہرکس و ناکس تک رسائی) ہوگیا تھا جہاں یہ غلط خبر اڑائی گئی تھی کہ وہ اپنے آپ کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کررہا تھا جبکہ مسجد حرام کے سیکوریٹی گارڈس اس کی مشتبہ حرکات و سکنات کو دیکھنے کے بعد اس کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ ذریعہ نے مزید بتایا کہ ابتداء میں سیکوریٹی گارڈس ان رپورٹس کی تصدیق کرنا چاہتے تھے کہ مذکورہ شخص کسی سرقہ میں ملوث ہے یا نہیں۔ مذکورہ شخص نے سیکوریٹی گارڈس کو چکمہ دینے کی کوشش کی جس پر سیکوریٹی گارڈس اور وہاں موجود دیگر افراد کو تشویش ہوئی اور انہوں نے اپنے اپنے فونس پر تصاویر لینی شروع کردیں اور انہیں سوشیل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا۔