مکہ معظمہ میں مسجد شاہ عبداللہ کیلئے اراضی کا حصول

مکہ معظمہ ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مکہ معظمہ میں مسجد شاہ عبداللہ کی تعمیر کیلئے خانگی جائیدادوں کے حصول و تخلیہ کا عمل تقریباً 70 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ مکہ معظمہ و دیر مقامات مقدسہ کی تعمیر و فروغ کے ہائی کمیشن نے کہا کہ اس علاقہ میں حصول اراضی کیلئے خانگی جائیدادوں کے مالکین کو 800 ملین سعودی ریال مختص کئے گئے ہیں۔ جائیدادوں کے چند مالکین پہلے ہی تخلیہ کرچکے ہیں جبکہ چند دوسرے اپنے موقف پر دوبارہ غور کے منتظر ہیں کیونکہ ان کے پاس اپنی جائیدادوں کی ملکیت کے دستاویزات موجود نہیں ہیں۔

اس کمیشن نے کہا کہ یہ مسجد 130,000 مربع میٹر پر تعمیر کی جائے گی جو اسلامی فن تعمیر کا منفرد نمونہ ہوگی۔ مسجد الحرام کے مغرب میں شارع القراء پر تعمیر کی جانے والی یہ مسجد ایک اہم اسلامی مقام کی اہمیت کی حامل بھی ہوگی۔ پارکنگ زون میں 3000 موٹر کارس ٹھہرانے کی گنجائش ہوگی۔ مسجد شاہ عبداللہ چار سال میں مکمل ہوجائے گی۔