حیدرآباد ۔/18 مئی (سیاست نیوز) مکہ مسجد بم دھماکے کی ساتویں سالانہ یاد کے پیش نظر شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور پولیس نے آج سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے تھے ۔ /18 مئی 2007 ء کو تاریخی مکہ مسجد میں پیش آئے بم دھماکے مصلیان جاں بحق ہوگئے تھے اور پولیس فائرنگ میں نہیتے مسلمان پولیس کی گولیوں کا نشانہ بن گئے تھے ۔ دھماکوں کی سالانہ یاد کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے دونوں شہروں بالخصوص پرانے شہر میں حساس مقامات پر پولیس پکٹس متعین کئے تھے اور پولیس گشت میں اضافہ بھی کیا تھا ۔ اس موقعہ پر پولیس کے اعلیٰ عہدیدار چوکسی اختیار کئے ہوئے تھے چونکہ سابق میں تحریک غلبہ اسلام کے رکن وقار احمد نے بے قصور مسلمانوں پر کی گئی پولیس فائرنگ کے احتجاج میں پولیس ملازمین کو نشانہ بنایا تھا ۔ بعد ازیں پولیس نے اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ۔ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے مکہ مسجد بم دھماکے کیس کی تحقیقات میں آر ایس ایس پرچارکس کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور ہنوز دو کلیدی ملزمین رام چندر کالسنگرا اور سندیپ دانگے مفرور ہے ۔ آج دوپہر درسگاہ جہاد و شہادت کے کارکنوں نے کشن باغ میں ہوئی پولیس فائرنگ میں ہلاک تین مسلمانوں کی موت پر احتجاج کیا اور مکہ مسجد بم دھماکے میں جاں بحق مصلیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقعہ پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور بعد ازاں کنچن باغ پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔