مکہ اجلاس حقیقی بھائی چارہ اور یکجہتی کی عمدہ مثال

اردن کے معاشی بحران کو حل کرنے میں تعاون پر شاہ سلمان سے شاہ عبداللہ کا اظہارتشکر

دبئی ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے اپنے ایک بیان میں مکہ معظمہ میں خادم الحرمین الشریفین کی زیرصدارت اردن میں معاشی بحران کے حل کے حوالے سے ہونیوالے اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے شاہ سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مکہ اجلاس نے عرب بھائی چارے اور یکجہتی کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ کردہ ایک ایک بیان میں شاہ عبداللہ دوم نے لکھا کہ ہمارے وطن (اردن) کو درپیش بحران کیحل کے لیے سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے دیگر عرب ممالک کویت اور متحدہ عرب امارات کو ایک میز پر جمع کرکے بھائی چارے کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔ اردن سعودی عرب اور دیگر عرب برادر ممالک کے اس مستحسن اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ آئندہ بھی عرب ممالک اسی طرح کے عرب بھائی چارے او یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔خیال رہے کہ اردن میں جاری معاشی بحران کے تناظر میں سعودی عرب کی میزبانی میں چار ممالک کا اہم اجلاس اتوار کی شام مکہ مکرمہ میں ہوا۔ اس سربراہ اجلاس کی صدارت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ ان کے علاوہ اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم، امیرِ کویت الشیخ صباح الاحمد الصباح اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر الشیخ محمد بن راشد نے بھی شرکت کی۔