مکمل خواندگی سے ہی ترقی ممکن

کریم نگر 27 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مکمل خواندگی سے ہی ترقی ممکن ہے۔ ضلع کلکٹر نیتو کماری پرساد نے چہارشنبہ کو سوا شکتی کالج میں ساکشر بھارت کے پانچویں مرحلہ کے ڈسٹرکٹ ریسورس پرسنس کے لئے منعقدہ دو روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اُنھوں نے کہاکہ انسان کے معلوماتی دائرہ کی وسعت کیلئے تعلیم ہی ایک راستہ ہے۔ تعلیم انسانی حق ہے۔ تعلیم کے ذریعہ ہر کام ممکن ہے۔ تلنگانہ ریاست میں ضلع کریم نگر ترقی یافتہ ہے مگر خواندگی 65 فیصد ہے۔ ہمارے ملک کا خواندگی کا فیصد 71 فیصد ہے اور ریاست کا خواندگی کا فیصد 67 ہے۔ ہمارا کریم نگر ضلع پیچھے ہے آنے والے 6 ماہ میں 1.50 لاکھ ناخواندہ افراد کو ضلع کی شکشا سمیتی کے ذریعہ خواندہ بنانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ مزید 6.10 لاکھ افراد ضلع میں ناخواندہ ہیں اور اُن تمام کو خواندہ بناکر ضلع کو مکمل خواندہ ضلع کی حیثیت سے تشکیل دینے کیلئے تمام کو سعی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس دو دن کی تربیت کے حصول کے بعد ضلع ریسورس پرسن مارچ کی 2 ، 3 تاریخوں میں 29 منڈلوں میں ماباقی منڈلوں میں 6 ، 7 مارچ کی تاریخوں میں تربیتی کلاس منعقد کریں۔ مواضعات کے ناخواندہ افراد کی معلومات کو تدریس سے مربوط کرکے اُن کو پڑھنا، لکھنا سکھائیں۔ تب ہی اُن کو تعلیم کا حصول آسان دکھائی دے گا۔ خواندگی کے پروگراموں کو ضلع میں بہتر طور پر روبہ عمل لائیں۔ اس پروگرام کی ہمیشہ نگرانی کی جائے گی۔ بہتر خدمات انجام دینے والے کوآرڈی نیٹرس کی سراہنا کی جائے گی۔ تساہلی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ خواندگی کے پروگرام کو ضلع میں ایک تحریک جیسا عمل کریں۔ تربیت کیلئے درکار کتابیں، پنسل و دیگر اشیاء مہیا کی جائیں گی۔ اس پروگرام میں اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر ڈاکٹر ناگیندرا، محکمہ تعلیم بالغان کے ڈپٹی ڈائرکٹر سیتا نارائنا و دیگر نے شرکت کی۔