مکل ترپاٹھی فرخ آباد میں سلمان خورشید کیخلاف مقابلہ سے دستبردار

لکھنو ۔ 31 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کو آج زبردست دھکہ لگا جب حلقہ لوک سبھا فرخ آباد سے مرکزی وزیر سلمان خورشید کے خلاف اُس کے امیدوار آج مقابلے سے دستبردار ہوگئے اور اس پارٹی میں ’’رشوت ‘‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے ابتدائی رکنیت سے بھی استعفیٰ دیدیا۔ صحیفہ نگار سے سیاستداں بننے و الے مکل ترپاٹھی نے کہاکہ ’’میں نے ٹکٹ واپس دیدیا ہے اور پارٹی بھی چھوڑ چکا ہوں کیونکہ مجھے اس تنظیم سے کوئی مدد نہیں مل رہی تھی کیونکہ تنظیم میں داخلی طورپر رشوت کا چلن جاری ہے ‘‘۔ ترپاٹھی نے الزام عائد کیا کہ وہاں (فرخ آباد ) میں لوک سبھا الیکشن انچارج مجھ سے کہا کرتے تھے کہ اپنے حلقہ میں مہم چلانے پارٹی کو قائدین کو یہاں لانے کیلئے آپ کے پاس’’طاقت ‘‘ اور ’’ذرائع‘‘ ہونا چاہئے ۔

انھوں نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ پارٹی قائدین سے تاریخ لینے کیلئے میں ’’جوگاڑ‘‘ کروں‘‘۔ ترپاٹھی نے عام آدمی پارٹی میں بڑے پیمانے پر رشوت ستانی کا الزام عائد کیا ۔ انھوں نے کہا کہ فرخ آباد میں صرف 1700 کارکنوں کی فہرست پیش کی گئی جبکہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس حلقہ میں عام آدمی پارٹی کے 50,000کارکن ہیں۔ ترپاٹھی نے کہا کہ ’’میں نے اپنی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ سے بات کرنے کی کوشش کی جو ناکام ہوگئی ۔ میں اپنے وسائل اور ذرائع کے ساتھ انتخابات لڑ رہا ہوں ۔ دوستوں اور رشتہ داروں سے رقم حاصل کیا ہوں لیکن پارٹی یونٹ مزید خرچ چاہتی ہے جو میں نہیں کرسکتا ‘‘۔ مکل ترپاٹھی نے کہا کہ ’’عام آدمی پارٹی صرف نوجوان نسل کو بیوقوف بنارہی ہے ۔ اس کو عوامی تائید حاصل نہیں ہے ۔ وہ رشوت کے خلاف مقابلہ کا دعویٰ کرہی ہے لیکن خود اس تنظیم میں رشوت ہے ‘‘ ۔