چینائی۔/25فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اے آئی اے ڈی ایم کے نے اب مرکز میں آئندہ تشکیل دی جانے والی حکومت میں اہم رول ادا کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا ہے جو پارٹی کے انتخابی منشور کے اعلان کے ساتھ ہی سب پر واضح ہوگیا۔ جیہ للیتا اب ملک بھر میں مکسر، گرائنڈر اور یہاں تک کہ گائے اور بکریاں بھی مفت تقسیم کریں گی۔ انتخابی منشور کی اجرائی کرتے ہوئے پارٹی سربراہ جیہ للیتا نے کہا کہ اپنے انتخابی منشور میں انہوں نے متعدد اسکیمات پر عمل آوری کا مصمم ارادہ کرلیا ہے جس کا سلسلہ صرف ریاست تملناڈو تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ان اسکیمات کا اطلاق ملک گیر پیمانے پر کیا جائے گا۔یاد رہے کہ جیہ للیتا اب قومی سطح پر اپنی سیاسی اہمیت منوانے کی خواہاں ہیں۔ مرکزی حکومت اگر معاشی طور پر مستحکم ہو تو ریاستی حکومتیں بھی مستحکم ہوتی ہیں۔
ترقی کاپور ا دارومدار مستحکم مرکز پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں چاہے جو بھی حکومت تشکیل دی جائے اس میں اے آئی اے ڈی ایم کے کا اہم رول ہوگا تاکہ خصوصی طور پر ریاست تملناڈو کو اس کی ترقی کا حصہ مل سکے۔ اس طرح انہوں نے اپنے انتخابی منشور کی وضاحت کرتے ہوئے ایک فہرست بھی پیش کی جس میں مکسی، گرائنڈر، پنکھے کے علاوہ بکریاں اور گائے بھی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام میں مفت تقسیم کی جائیں گی۔ جیہ للیتا کا کہنا ہے کہ عوام کے مفاد کیلئے متعد د اسکیمات کا ملک گیر سطح پر اطلاق کیا جائے گا ۔ سری لنکا میں موجود ٹامل باشندوں کے حساس معاملہ پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی اقوام متحدہ میں اس معاملہ کو اٹھاتے ہوئے سری لنکا میں موجود ٹامل باشندوں کیلئے ریفرنڈم کروائے جانے پر زور دے گی۔