مکتھل /21 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی مکتھل جو ضلع محبوب نگر میں اپنی پسماندگی کے لحاظ سے شہرت رکھتا ہے اس کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے سنجیدگی کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر آگے آنا وقت کا اہم تقاضہ ہے تاکہ ہم سب ملکر اس علاقہ کو ترقی دیتے ہوئے یہاں کے تمام عوامی مسائل کو حل کرتے ہوئے اس کی یکسوئی کریں ۔ رکن اسمبلی مکتھل مسٹر سی رام موہن ریڈی ، مکتھل گرام پنچایت میں منعقدہ ’’ ہمارا گاؤں اور ہمارا منصوبہ ‘‘ پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ریاستی حکومت ہمارے مواضعات اور ہمارے منصوبے پروگرام کے تحت دیہی علاقوں کو شہری علاقوں کے خطوط پر ترقی دیتے ہوئے تمام عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتی ہے ۔ لہذا ان اسکیمات کے تحت ہم ہمارے مواضعات کی ترقی اور عوامی سہولیات کیلئے تجاویز و مشورے پیش کریں ۔ مسٹر سی رام موہن ریڈی ایم ایل اے نے کہا کہ میں اب اس علاقہ کی ترقی کو اپنا فرض تصور کرتا ہوں اور اس کی جامع ترقی کیلئے آپ سب کا تعاون مجھے مطلوب ہے ۔ مسٹر رام موہن ریڈی نے حلقہ اسمبلی مکتھل میں تلعیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈگری کالج ، پالی ٹیکنک کالج اور ایک آئی ٹی آئی کی منظوری کی کوشش کے علاوہ بس ڈپو اور فائر اسٹیشن کے قیام کیلئے بھی ریاستی حکومت سے منظوری کے حصول کیلئے اپنی کوشش کا اعلان کیا اور ساتھ ہی مکتھل مستقر ٹاون میں ترکاری اور مٹن مارکٹ کے مستقل حل کیلئے عوامی تجاویز کے ذریعہ بہت جلد اس کی یکسوئی کا تیقن دیا ۔ انہوں نے اس علاقہ سے گذرنے والی ریلوے لائین کا تذکرہ کرتے ہوئے حالیہ ریلوے بجٹ میں اس کیلئے خطیر رقم کی منظوری پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ریلوے لائین اور مکتھل ٹاون سے گذرنے والی 4 ٹرک لائین اس علاقہ کی ترقی میں بڑی معاون و مددگار ہوں گی ۔ اس موقع پر سی نظام پاشاہ صدرنشین ضلع کوآپریٹیو مارکیٹنگ سوسائٹی ضلع محبوب نگر نے رکن اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوپور میں ایک خانگی شیشادری برقی پلانٹ جو کچھ عرصہ سے تعطل کا شکار ہے ۔ فی الفور ریاستی حکومت سے اس کی منظوری حاصل کی جائے ۔ قبل ازیں مسٹر چندرا کانت گوڑ سابق صدرمنڈل پریشد نے بھی تجاویز پیش کرتے ہوئے گرام پنچایت کی جدید عمارت کیلئے 40 لاکھ روپئے کی منظوری کارکن اسمبلی سے مطالبہ کیا۔ اجلاس کی صدارت سرپنچ مکتھل محترمہ بھاگیہ چندراکانت گوڑ نے کی جبکہ اس موقع پر شریمتی پدما صدر منڈل پریشد مسٹر سری ہری زیڈ پی ٹی سی کے علاوہ تحصیلدار مکتھل ہری لال موجود تھے ۔