مکتھل میں گرام پنچایت انتخابات کیلئے تمام انتظامات کو قطعیت

سرپنچوں کیلئے 290 نامزدگیاں وصول : منڈل پریشد آفیسر وجئے نرملا
مکتھل ۔ 10 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی مکتھل میں شامل تمام 10 منڈلس کے دیہی علاقوں میں منعقد ہونے والے گرام پنچایت انتخابات کیلئے تمام انتظامات کو قطعیت دے دیا گیا ہے اور 21 جنوری کو ہونے والی رائے دہی نگران کار کے تقررات کے ساتھ انہیں مکمل انتخابی تربیت دی جارہی ہے۔ مکتھل منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر وجئے نرملا نے سیاست نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی اطلاع دی اور کہا کہ مکتھل منڈل کے جملہ 39 گرام پنچایتوں سے اب تک جملہ 290 سرپنچوں کیلئے نامزدگیاں موصول ہوئی ہیں جبکہ 770 وارڈس کیلئے پرچہ جات نامزدگی داخل کی گئی ہے۔ نرملا ایم پی ڈی او نے کہا کہ مکتھل منڈل کے جملہ 39 گرام پنچایتوں میں 36,910 ووٹرس ہیں جن کے لئے 340 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں اور ان مراکز پر رائے دہی کے دوران رائے دہندوں کیلئے تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہے اور تمام رائے دہی مراکز کیلئے روڈ میاپ بھی تیار کرلیا گیا ہے تاکہ آفیسرس کے ذریعہ انتخابی عمل کی نگرانی کی جاسکے۔ اس کے علاوہ رائے دہی مراکز کی سکیورٹی اور صیانتی انتظامات کے لئے سب انسپکٹر پولیس مکتھل اشوک کمار نے اپنے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ دورہ کرتے ہوئے تمام مراکز کا جائزہ لے رہے ہیں اور ضروری انتظامات اور نگرانی کیلئے حفاظتی انتظامات کو قطعیت دی جارہی ہے۔