مکتھل میں کانگریس قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت

مکتھل ۔ 9 ۔ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز مکتھل میں کانگریس قائدین نے اپنے کئی حامیوں کے ساتھ ایک جلسہ عام میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ تفصیلات کے بموجب کانگریس کے معروف و جواں سال قائد مسٹر آشی ریڈی نے 7 اکٹوبر کو نہرو گنج مکتھل میں منعقدہ ایک جلسہ عام میں اپنے کئی حامیوں کے ساتھ کانگریس سے مستعفی ہو کر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ، اس موقع پر رکن پارلیمنٹ محبوب نگر مسٹر جتندر ریڈی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر مسٹر جتندرریڈی نے مسٹر آشی ریڈی کو پارٹی کا کھنڈوا پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ کی جامع ترقی و استحکام اور تلنگانہ کی عوام کے تمام مسائل کی یکسوئی کیلئے ٹی آر ایس ماہرین پر مشتمل کمیٹی کی نگرانی میں رپورٹ تیار کررہی ہے جس کے بعد بہت جلد عملی پیشرفت کا آغاز عمل میں آئیگا ۔ انہوں نے اس موقع پر ٹی آر ایس میں شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے اس حلقہ میں پارٹی کو استحکام حاصل ہوگا، اس اجلاس کی صدارت بزرگ سیاسی رہنما مسٹر وائی یلاریڈی سابق رکن اسمبلی نے کی ، جبکہ اس اجلاس میں سوریہ نارائن گپتا ، دیورملپا ، مسٹر شیوکمار ریڈی ، مسٹر لکشماریڈی و دیگر موجود تھے ، اس کے علاوہ اقلیتی قائدین جناب احمد محی الدین ہزاری ، یونس سلیم ، سالم چاؤش اور جناب رحیم پٹیل نے بھی ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ۔