مکتھل ۔ 9 ۔ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر مکتھل ٹاؤن میں عیدالاضحی پورے جوش و خروش اور نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔ عیدگاہ مکتھل پر ہزاروں فرزندان توحید نے انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ نماز عیدالاضحی ادا کی ۔ ٹھیک ساڑھے نو بجے مولانا حافظ عبدالقوی حسامی نے نماز پڑھائی اور خطبہ دیا ۔ قبل ازیں اپنے خطاب میں ’’ حیات ابراھیمیؑ ‘‘ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے ۔ مولانا نے ملت ابراہیمیؑ اور شریعت محمدیؐ کے گہرے اور عمیق ارتباط کو واضح کرتے ہوئے قرآن کے حوالہ سے حضرت سیدنا ابراہیمؑ اور حضرت سیدنا سرورعالمؐ کے اسوہ حسنہ کو تاقیامت نمونہ اور مشعل راہ قرار دیا ۔ عیدگاہ مکتھل پر سیاسی و سماجی قائدین اور مختلف جماعتوں کے نمائندوں نے مسلمانوں سے مصافحہ و معانقہ کرتے ہوئے عید کی مبارکباد پیش کی جبکہ سرکل انسپکٹر پولیس مکتھل اور سب انسپکٹر پولیس مکتھل نے بھی مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرنے کیلئے عیدگاہ پر موجود تھے ۔