مکتھل میں ایم پی ٹی سی انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیاں عروج پر

مکتھل ۔ 28 ۔ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر مکتھل میں ایم پی ٹی سی انتخابات کیلئے سرگرمیاں عروج پر ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار مستقر ٹاون کے علاوہ پورے منڈل میں دیہی علاقوں میں گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہوئے اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مکتھل منڈل میں جہاں جملہ 21 ایم پی ٹی سی حلقے میں ان حلقوں کیلئے 78 امیدوار انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کررہے ہیں جن میں کانگریس سے 20 امیدوار ، تلگودیشم سے 17 امیدوار اور بی جے پی سے 17 امیدوار اور اسی طرح ٹی آر ایس سے 14 امیدوار جبکہ بی ایس پی اور لوک ستہ سے ایک ایک امیدوار کے علاوہ 8 آزاد امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ مکتھل منڈل الیکشن آفس ذرائع کے بموجب جملہ 87 امیدار اپنے پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری اختیار کرلی ۔ مکتھل منڈل میں جہاں جملہ ووٹرس کی تعداد 54,182 ہے ۔ 60 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جبکہ مستقر مکتھل ٹاون میں 5 ایم پی ٹی سی وارڈز کیلئے 16 رائے دہی مراکز بنایا گیا ہے ۔

ان تمام مراکز رائے دہی پر 6 اپریل کو تمام رائے دہندگان نے MPTC اور ZPTC کیلئے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرینگے ۔ مستقر مکتھل ٹاون کے 5 وارڈز کیلئے چار رخی اور سہ رخی مقابلہ درپیش ہے اور تمام وارڈز میں ہر امیدوار کی جانب سے اپنی کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جارہا ہے ۔ جبکہ وارڈ نمبر (1) میں تمام اہم جماعتوں کی جانب سے تین مسلم امیدواروں کی موجودگی کے باعث مسلم ووٹوں کی تقسیم اور غیرمسلم امیدوار کی کامیابی کے خدشہ کو لیکر اقلیتی حلقوں میں گہری فکر پائی جارہی ہے اور مسلم دانشوروں و سنجیدہ حلقوں نے مسلم رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ اپنی سیاسی تدبر اور فراست و بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب و ٹھوس حکمت عملی کے ذریعہ ووٹوں کو تقسیم سے بچاتے ہوئے اپنی مکمل شعور بیداری کا ثبوت دیں۔