مکتھل ۔ 25 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر مکتھل ٹاؤن میں 26 اگست کو ڈاکٹر رام ریڈی آئی ہاسپٹل محبوب نگر کے زیراہتمام اور لائنس کلب مکتھل کے تعاون سے مستقر کے سرکاری دواخانہ میں آنکھوں کے مفت معائنہ کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے، جس میں معاشی اعتبار سے کمزور، غریب عوام کے علاوہ تمام ضرورتمند افراد کے آنکھوں کا مفت معائنہ کیا جائے گا۔ سینئر میڈیکل آفیسر مکتھل شریمتی ڈاکٹر پاروتماں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ممتاز و ماہر آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹر بیچ پلی گوڑ تمام افراد کے آنکھوں کا معائنہ کریں گے۔ اس کے علاوہ ابتدائی ضروری ادویات اور طبی امداد بھی فراہم کی جائے گی جبکہ آپریشن کیلئے منتخب افراد کو حسب تواریخ کے ساتھ لائنس کلب کے رام ریڈی ہاسپٹل محبوب نگر میں آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ لائنس کلب مکتھل کے عہدیدار اور سینئر میڈیکل آفیسر شریمتی پاروتماں نے تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ مکتھل دواخانہ میں منعقدہ اس کیمپ سے ضرور استفادہ کریں۔