زیر التواء کاموں کو عاجلانہ مکمل نہ کرنے ٹی ہریش راؤ کا تیقن
مکتھل /2 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کے تمام علاقوں کو اسمبلی حلقہ واری سطح پر اراضیات کو قابل کاشت و زرخیر بنانے آبپاشی کے کاموں اور اس کی کارکردگی کا جامع جائزہ و سروے کرتے ہوئے زیر التواء پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل اور زرعی شعبہ کی ترقی و استحکام کیلئے لازمی اقدامات کو روبہ عمل لائے گی ۔ مسٹر ہریش راؤ محکمہ آبپاشی کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ حلقہ اسمبلی مکتھل کے امرچنتہ اور بھوت پور موضع میں زیر تعمیر کنال کے معائنہ کے بعد موجود صحافتی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ریاستی وزیر مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ جورالا پراجکٹ کے پانی کو وسعت دیتے ہوئے اطراف و اکناف کے چھوٹے بڑے تالاب کو لفٹ کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ جبکہ ریاستی حکومت کاکتیہ مشن کے تحت سنگم بنڈہ ذخیرہ آب ، بھوت پور ، کوٹل ساگر اور ضلع کے دیگر پراجکٹس کو جلد سے جلد مرحلہ وار تعمیری کاموں کی تکمیل کے ذریعہ 7 لاکھ ایکر اراضی کو زر خیز بنانے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ مسٹر ہریش راؤ نے اس موقع پر پراجکٹس کی تعمیر سے متاثرہ افراد کی بازآبادکاری اور ان سے مکمل انصاف کرنے کا عہدیداروں کو بروقت ہدایات دی ۔ ریاستی وزیر آبپاشی کے اس دورہ میں ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی ، مسٹر سرینواس گوڑ ، مسٹر نرنجن ریڈی نائب صدر ریاستی منصوبہ بندی کمیشن ضلع پریشد صدر مسٹر بھاسکر کے علاوہ رکن اسمبلی مکتھل رام موہن ریڈی ، رکن اسمبلی دیورکدرہ ، اے وینکٹیشور ریڈی ، مسٹر شیو کمار ریڈی ، نارائن پیٹ اور مسٹر آشی ریڈی مکتھل و دیگر قائدین سرکاری عہدیداران موجود تھے ۔