مکان کی چھت سے نومولود کا سَر برآمد ، بَلی چڑھانے کا شبہ

حیدرآباد۔ یکم فروری (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ اُپل میں ایک مکان کی چھت سے نومولود کا کٹا ہوا سَر دستیاب ہونے سے علاقہ میں خوف و سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک کیاب ڈرائیور کے مکان سے ایک مولود کا کٹا ہوا سَر برآمد ہوا جبکہ اس کے دھڑ کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔ اطلاع کے ساتھ ہی مقام پر پہونچنے والے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ملکاجگری زون اوما مہیشور راؤ نے بتایا کہ کیس کی ہر زاویہ سے تحقیقات جاری ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس مولود کی بَلی دی گئی ہوگی چونکہ اکثر مکمل چاند گہن کے وقت ایسے واقعات سامنے آتے ہیں۔ پولیس نے اِسنیفر ڈاگ کی مدد سے قاتلوں تک پہونچنے کا راستہ حاصل کرلیا ہے اور ڈاگ اسکواڈ جس مکان کی طرف بار بار اشارہ کررہے تھے، مقامی عوام کے مطابق اس مکان میں نلگنڈہ کے علاقہ سے اکثر ایک سوامی آیا کرتا ہے۔ اُپل پولیس مصروف تحقیقات ہے۔