مکان میں قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ

حیدرآباد ۔ 5 جنوری ۔ ( سیاست نیوز) قفل شکنی کے ذریعہ سارقین نے مکان میں داخل ہوکر طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا ۔ یہ واقعہ چلکل گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا ۔ پولیس کے بموجب رامو گوڑ اور سوپنا جو خانگی ملازم ہیں کل ملازمت کیلئے روانہ ہوئے تھے اور مکان کو مقفل کردیا تھا ۔ راموگوڑ دوپہر اپنے بھائی کے ہمراہ مکان لوٹنے پر قفل ٹوٹا ہوا پایا اور اُس کے مکان میں داخل ہونے کے بعد وہاں سے طلائی زیورات سرقہ ہونے کا اُسے علم ہوا ۔ پولیس چلکل گوڑہ کو اس سلسلہ میں شکایت درج کروائی گئی جس کے نتیجہ میں پولیس کی ایک ٹیم سراغ رسانی دستے کے ہمراہ وہاں پہنچ گئی اور مقام واردات سے مشتبہ افراد کے انگلیوں کے نشانات کے نمونے حاصل کئے گئے۔ رامو گوڑ نے اپنی درخواست میں یہ بتایا کہ چھ تولے طلائی زیورات اور دیگر اشیاء کا سرقہ ہوا ہے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔