حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) انسان کو ہلاک کرنے کیلئے مہلک ہتھیاروں کی ضرورت نہیں بلکہ موذی جانوروں کا استعمال کرتے ہوئے کسی کا قتل کیا جاسکتا ہے ؟چونکہ نارائن گوڑہ کے علاقہ میں پیش آئی ایسی ہی ایک واردات میں حیرت انگیز انکشاف ہوا ۔ ذرائع کے مطابق کل رات نارائن گوڑہ کے علاقہ وٹھل واڑی میں یہ واردات پیش آئی جہاں امر جیت ریڈی کے مکان پہنچ کر دو افراد نے ان کے مکان میں تھیلے پھینک دیئے جس میں زہریلے سانپ رکھے ہوئے تھے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ نہیںتھا بلکہ سابق میں تین تا چار مرتبہ ایسی حرکت کی گئی تھی ۔ ذرائع کے مطابق امرجیت ریڈی کے مکان سانپوں سے حملہ کا واقعہ نیا نہیںہے سابق میں ایسی حرکتوں کودیکھ کر انہوں نے اپنے مکان پر کیمرے نصب کرلئے تھے تا کہ ایسی حرکت کرنے والوں کو گرفتار کیا جاسکے ۔ ہر مرتبہ کی ایسی کوشش میں امرجیت ریڈی محفوظ رہے ۔ جن تھیلوں میں سانپ رکھے گئے تھے وہ مردہ پائے گئے ۔ ہر ماہ کی اماوس کی رات ان کے مکان میں لیمبو،ہلدی ،کمکم اور دیگر اشیاء پھینکی جاتی تھیں اور سانپوں کا استعمال کیا گیا تھا تا کہ جب تھیلہ کھولا جائے تب سانپ کسی کو ڈنس لے ۔ نارائن گوڑہ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعدپتہ چلایا اور کل رات کیمرے اور مقامی افراد کی مدد سے گرفتار شخص کو امرجیت ریڈی کے رشتہ داروں نے پولیس کے حوالہ کیا جو ریلوے میں اعلی عہدہ پر فائز عہدیدار بتایا گیا ہے تاہم پولیس وجوہات کا پتہ چلانے میں مصروف ہے اور اس سازش کو بے نقاب کرنے کیلئے ہر زاویہ سے معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں ذرائع کے مطابق ہر مرتبہ کی کوشش میں دم گھونٹنے سے سانپ فوت ہوگئے تھے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔