کرائسٹ چرچ۔30ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )نیوزی لینڈ کو شاندار فتوحات سے ہمکنار کرنے والے کپتان برینڈن مکالم ٹیم کے ریکارڈ کامیابی کے ساتھ سال کا اختتا م کرنے پر خوش ہیں۔ٹیم نے سری لنکا کوپہلے ٹسٹ میں شکست دے کر سال کا پانچواں ٹسٹ اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔توقع ہے کہ کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سیریز جیتوانے میں اہم کردار ادا کرںگے۔ مکالم نے کہا کہ سری لنکائی ٹیم کیخلاف میچ جیتنا کسی چیلنج سے کم نہیں لیکن تمام کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کیا۔ امید ہے کہ ٹیم فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بولرز نے پہلی اننگز میں حریف کھلاڑیوں کے عزائم کو ناکام بنایا جس کی وجہ سے مہمان ٹیم فالو آن کا شکار ہوئی۔دوسری جانب سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجیلومیتھیوز نے کہا ہے کہ نیوز ی لینڈ کیخلاف پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی۔ ہماری بیٹنگ لائن بری طرح کیوی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی لیکن شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ہمیں ناکامیوں سے سبق سیکھنا ہوگا۔بیٹنگ شعبے میں محنت کرنی ہوگی ۔