کراچی۔2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن مکالم اور انگلینڈ کی ونڈے و ٹوئنٹی20 کے کپتان ایان مورگن پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے ڈرافٹ میں شمولیت پر رضامند ہوگئے ہیں۔پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کے بموجب مکالم اور مورگن بین الاقوامی اسٹارز ہیں جو نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ کا وسیع تجربہ لائیں گے بلکہ پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کے لئے اپنے قمیتی قائدانہ تجربے سے فائدہ پہنچائیں گے۔کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں اس وقت ہوگی جب پاکستانی کھلاڑی ہوم سیریز میں مصروف ہوں گے۔ پی ایس ایل کے نئے سیزن میں کھلاڑیوں کے معاوضے کو 1.2 ملین ڈالرس تک بڑھانے کے لئے پانچوں فرنچائزوں نے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین پی ایس ایل نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ لیگ کے دوسرے سیزن کا فائنل پاکستان میں ہو۔ پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کا انعقاد فروری 2017 میں ہوگا۔