مکاراوا ۔ ویسنینا امریکی اوپن وومن ڈبلز چمپئن

نیویارک 7 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایکٹارینا مکاروا اور ایلینا ویسنینا نے امریکی اوپن کا وومنس ڈبلز خطاب جیت لیا ہے جبکہ مارٹینا ہنگس کی جوڑی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ چوتھی سیڈ روسی جوڑی کو ہنگس اور فلاویا پینیٹا کے جوڑی کے خلاف پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود خطاب حاصل کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ۔ اس جوڑی نے یہ مقابلہ 2 – 6, 6 – 3, 6 – 2 سے جیت لیا ۔ مکاروا نے خطابی کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ گذشتہ دو ہفتے ان کیلئے بہت اچھے رہے ہیں۔ ہنگس اور پینیٹا نے حالانکہ آخری سیٹ میں روسی جوڑی کی سرویس بریک کی تھی لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ میں واپسی نہیں کرسکے ۔ مکاروا اور ویسنینا نے تین بریک پوائنٹس بچائے اور انہوں نے آئندہ دو پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے چمپئن شپ جیت لی ۔ مارٹینا ہنگس اپنی سبکدوشی کے بعد ٹورنمنٹ میں حصہ لے رہی تھیں اور 2002 کے آسٹریلین اوپن کے بعد یہ ان کا پہلا گرانڈ سلام فائنلس تھا ۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں نو گرانڈ سلام ڈبلز خطاب جیتے ہیں جبکہ پانچ سنگلز گرانڈ سلام خطاب جیتے ہیں۔