مڈ ڈے میلس کی ناقص سربراہی پر سرپنچ کی برہمی

کوڑنگل۔ 9 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) طلباء کیلئے دوپہر میں کھانے کی اسکیم میں آئے دن بے قاعدگیاں ناگفتہ بہ حد تک پہنچ چکی ہیں۔ حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے نمائندہ منڈل بمرس پیٹ میں سرکاری مدارس کے طلباء کیلئے بہترین غذا کی سربراہی کے تحت باریک چاول کی فراہمی کے باوجود بھی ایجنسی خواتین کی جانب سے دال میں کیڑے مکوڑوں کی موجودگی سے طلباء کی صحت بری طرح خراب ہوجانے کا اندیشہ ہے۔ تفصیلات کے بموجب موضع ینکے پلی میں اپر پرائمری اسکول میں گزشتہ روز تیار کی گئی دال میں فوت شدہ چاول کے کیڑے پائے گئے جس کے تناظر میں 120 طلباء نے طعام سے گریز کیا۔ مقامی سرپنچ مسٹر وینکٹ ریڈی نے مدرسہ پہنچ کر تیار کی ہوئی دال کا معائنہ کیا۔ ایجنسی خواتین پر برہمی کا اظہار کیا۔ بعدازاں دال کو پھینک دیا گیا اور پھر دوبارہ پکوان کے بعد طلباء نے دوپہر کا کھانا کھایا۔