مڈڈے میل اسکیم سے وابستہ پکوان عملہ کا احتجاج

عادل آباد ۔ 7 ۔ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدارس میں مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت دوپہر کا طعام طلباء کو فراہم کرنے والوں کو حکومت کی جانب سے پانچ سال میعاد مقرر کرتے ہوئے زائد عرصہ تک خدمت انجام دینے والوں کو برخواست کرنے کی مخالفت میں مڈ ڈے میل اسکیم پکوان کرنے والے سینکڑوں خواتین نے دفتر ضلع کلکٹریٹ کے روبرو بطور احتجاجی دھرنا منظم کیا جس کو مستقر عادل آباد کے محتلف سیاسی جماعتوں کانگریس ، تلگو دیشم ، ٹی آر ایس ، سی پی ایم ، نیو ڈیموکریسی کے قائدین نے اظہار یگانگت کرتے ہوئے جلسہ عام سے مخاطب کیا ۔ قائدین نے حکومت کی پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت دوپہر کھانا پکوان کرنے والے تقریباً چھ ہزار خواتین کو روزگار سے محروم ہونا پڑ رہا ہے ۔

اندرا کرانتی پدکم محکمہ سے جاری اس اعلامیہ کو فوری طور پر واپس لینے کا اور مڈ ڈے میل اسکیم سے وابستہ حواتین کی خدمات کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ طلباء کو دوپہر فراہم کئے جانے والے طعام میں ’’انڈے، کیلے‘‘ کا معاوضہ فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا ۔ اس موقع پر سی پی ایم قائد مسٹر دتاتریہ ، سی آئی ٹی یو کے ایم سرینواس ، ڈی ملیش، زرعی مارکٹ کمیٹی صدرنشین مسٹر سنجو ریڈی ، ایم نرسنگ راؤ ، ٹی آر ایس مسٹر ایل بھوما ریڈی ، تلگو دیشم پارٹی کے مسرٹ پائل شنکر ، یونس اکیانی و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔