کریم نگر میں احتجاجیوں سے تلگودیشم قائد ریونت ریڈی کا خطاب
کریم نگر۔/24فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مڈ مانیر کی تعمیر کے سلسلہ میں جن خاندانوں کے گھر جائیداد زمین جاچکی ہے آپ کے مسائل کی یکسوئی، مناسب معاوضہ کی ادائیگی کے تحت چیف منسٹر کے سی آر کے گھر کے گھیراؤ پروگرام میں ہم آگے ہوں گے۔ پولیس کی لاٹھیوں کے مار اور گولیوں کا سامنا کرنے کیلئے بھی آگے ہوں گے۔ تلگودیشم قائد وائی ریونت ریڈی نے تیقن دیا۔ انہوں نے بروز دوشنبہ منکینا پلی میں زیر آب مواضعات کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سدسو میں شرکت کرتے ہوئے ان کے ساتھ اجتماعی طور پر کھانے کے پروگرام میں شرکت کی۔ ان کے ساتھ سڑک پر بیٹھ کر کھانا کھایا اور احتجاجی افراد کو تیقن دیا کہ آپ کے مسائل کے حل تک آپ کا ساتھ دوں گا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر زمین کھودینے والوں کو زمین کے معاوضہ کی ادائیگی میں تساہلی برت رہے ہیں۔ ایک وقت دو لاری چاول لاکر یہاں پکوان کریں گے اور یہیں پر سوجائیں گے کہنے والے پروگرام کرنے والے آج اس گاؤں کے مسائل کی یکسوئی میں کیوں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اس بات کا جواب انہیں دینا ہوگا۔ انہوں نے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کریں۔ زمین، گھر اور جائیداد سے محروم خاندانوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرکے دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میںکہا کہ مقامی رکن اسمبلی رمیش بابو سے ملاقات کے لئے جرمنی جانا ہوگا کیونکہ انہوں نے کبھی بھی عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے توجہ نہیں دی۔ اسی طرح ضلع کے دیگر ارکان اسمبلی کا بھی یہی حال ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر سے سوال کرنے تک شاید مسائل کا حل ہونا ممکن نہیں ہے۔ جہاں ضمنی چناؤ ہوتے ہیں وہاں کے سی آر، ہریش راؤ، کے ٹی آر اور کویتا سبھی دورے کرتے ہیں اور وہاں کے عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہیں اور انہوں نے اقتدار بھی جھوٹے اور ناقابل عمل وعدوں کے ذریعہ حاصل کیا ہے۔ ویملواڑہ اسمبلی حلقہ میں جو بحرانی حالات ہیں اور مقدمہ کی وجہ سے وہاں بھی ضمنی چناؤ کا امکان ہے تب ہی شاید ہمارے مسائل کی یکسوئی کریں گے۔ کودنڈہ رام نے اس وقت کہا تھا کہ پکوان، ناچ گانے اور کھانا کھلانے سے تلنگانہ حاصل ہوا ہے۔ زمین سے محروم ہونے والے پریشان ہیں۔ جنوری 2016ء تک 18سال عمر تک پہنچ جانے والوں کی بازآبادکاری ہوجانی چاہیئے۔ مڈ مانیر متاثرین کے سبھی مسائل کی یکسوئی ہونی چاہیئے۔ رہائشی مکان کے لئے زمین ہی نہیں بلکہ دو بیڈروم مکانات تعمیر کرکے دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ قریب ایک ہزار مرد و خواتین مل کر سڑک پر تین گھنٹے تک بیٹھے رہے، پکوان کیا گیا اور سبھی نے مل کر وہیں کھانا کھایا۔ اس پروگرام میں سابق ایم پی پونم پربھاکر، وجئے رمنا راؤ نے شرکت کی۔
فائرنگ ٹریننگ سنٹر کیلئے
الاٹ اراضی کا معائنہ
کوہیر۔/24فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے کوہیر منڈل کے موضع پیڈی گمل میں تلنگانہ ریاست کے فائرنگ ٹریننگ رینج سنٹر کو الاٹ کردہ اراضی کا ایڈیشنل ایس پی اے آر مسٹر بابو راؤ، ضلع میدک مسٹر تروپتنا ڈی ایس پی سنگاریڈی ڈیویژن نے معائنہ کیا ۔ اس موقع پر ڈی ایس پی تروپتنا نے نمائندہ سیاست کو بتایا کہ محکمہ ریونیو کی جانب سے 25ایکر زمین حاصل کی گئی ہے یہ ریاست تلنگانہ کا سب سے بڑا پولیس اکیڈیمی رینج ہوگا جس میں تلنگانہ پولیس کے تمام آفیسرس یہاں پر فائرنگ کی تربیت حاصل کریں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی فورس اور سی آر پی ایف کے نوجوان بھی یہاں پر ٹریننگ حاصل کرسکتے ہیں۔ آج یہاں پر صاف صفائی کے علاوہ دیگر کاموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ بہت جلد ضلع میدک سپرنٹنڈنٹ پولیس اور دیگر اعلیٰ پولیس عہدیدار رینج کا معائنہ کریں گے۔ اس کے بعد رینج میں پولیس آفیسروں کے لئے ٹریننگ کا آغاز ہوجائے گا۔ اس موقع پر ظہیرآباد سرکل انسپکٹر مسٹر لکشمی نارائنا، مسٹر رگھو سرکل انسپکٹر ظہیرآباد رورل سب انسپکٹر چندرا شیکھر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔