مچھلی پٹنم ۔ یکم ڈسمبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے مچھلی پٹنم ٹاؤن کے تحت موضع پیدا کراگا ہارم کے قریب وائی ایس آر کانگریس کے ارکان کی قیادت میں مقامی دیہاتیوں اور حکمراں تلگو دیشم کے حامیوں کے درمیان تصادم میں ایک شخص زخزی ہوگیا ۔ پولیس نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حصول اراضی کے مسئلہ پر ایک ریاستی وزیر کو گاؤں میں داخلہ سے روک دیا گیا تھا۔ مچھلی پٹنم (رورل) کے سب انسپکٹر راما کرشنا نے کہا کہ پدا کراہاگاہارم کے دیہاتیوں نے وزیر آبکاری کے رویندرا کو اپنے گاؤں میں داخل ہونے نہیں دیا جس پر یہ تصادم ہوگیا ۔ ریاستی وزیر حکمراں تلگو دیشم پارٹی کی جنا چیتنیہ یاترا کا ایک حصہ کے طور پر پنچایت آفس کا افتتاح کیلئے پہونچے تھے ۔ دیہاتیوں نے مچھلی پٹنم بندرگاہ اور بندرگاہ پر مبنی صنعتوں کے قیام کیلئے 14,500 ایکڑ خانگی اراضیات کے حصول کی مخالفت کر رہے تھے اور حصول اراضی کیلئے اس سال جاری کردہ سرکاری اعلامیہ پر وزیر آبکاری سے وضاحت طلب کر رہے تھے۔ اس دوران حکمراں تلگو دیشم کے حامیوں اور وائی ایس آر کانگریس کے ارکان کے زیر قیادت دیہاتیوں کے درمیان گھونسہ بازی ہوگئی جس میں کم سے کم ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے جس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے اور پولیس نے تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا ہے ۔