مچل مارش پاکستان کے خلاف محدود اوورس کی سیریز سے باہر

دبئی ۔4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائیکرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل ہی کئی کھلاڑیو ں کے فٹنس مسائل نے پریشان کررکھا ہے۔ زخمی کھلاڑیوںکی فہرست میں تازہ ترین اضافہ مچل مارش کا ہوا ہے۔ وہ سیریز کے واحد ٹوئنٹی 20اور ونڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان واحدٹوئنٹی 20اتوار کو کھیلا جائے گا ۔ مارش اور شین واٹسن کی عدم دستیابی کے باعث آف اسپن آل راؤنڈرگلین میکس ویل کو پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کریئر کے آغاز کا موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مچل مارش ہندوستان میں منعقدہ چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کے دوران لاہور لائنز کے خلاف کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے ۔ چمپئنس لیگ میں انہوں نے پرتھ اسکارچر کی نمائندگی کی اور اہم میچ میں 63 رنز کی فتح گر اننگز کھیلتے ہوئے محمد حفیظ کی قیادت میں کھیلنے والی لاہور ٹیم کو ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے فزیو الیکس کوئنٹورس نے کہا ہے کہ ان کے زخم کی نوعیت کا ابھی علم نہیں،اس کیلیے ماہرین سے مشورہ کیا جائے گا۔