مٹ پلی۔ یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی او بی سی سل ریاستی سکریٹری کومو ریڈی وجے آزاد کی قیادت میں موضع ویم پیٹ میں متیم پیٹ شوگر فیکٹری کے احیاء ( گنا کریشنگ دوبارہ چالو ) کیلئے کانگریس پارٹی قائدین اور مقامی کسانوں کی جانب سے پدیاترا کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مقامی کسانوں کے مجموعی مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت کی جانب سے عدم توجہ کا ماحول برقرار ہے۔ مسائل سے بیزار کئی کسانوں نے خودکشی کرلی ہے۔ مقامی گنا کسانوں کی حالت بہت ہی ابتر ہے۔ تقریباً 35سالہ قدیم متیم پیٹ کی نظام شوگر فیکٹری میں ہر سال گنا کریشنگ کیا جارہا تھا۔ اس سیزن میں گنا کسان کئی مسائل سے دوچار ہیں، حکومت تلنگانہ کے حصول کے بعد بھی کسانوں کے ساتھ ناانصافی کا مرحلہ بیت رہا ہے۔ مقامی گنا کسانوں کو سابقہ بقایا و رقم کے ادا کرنے میں موجودہ تلنگانہ حکومت و متعلقہ عہدیداروں نے بہت ہی لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گنا کسانوں کے صبر کا امتحان لے رہے ہیں۔ عہدیداران کی جانب سے اس سال گنا کریشنگ کیلئے پیش رفت نہ کئے جانے پر مقامی کسان کافی پریشان حال ہیں، یہ گنا کسان مقامی شوگر فیکٹری کی جانب سے مدد نہ ملنے پر دوسرے اضلاع کے خانگی شوگر فیکٹری تک پہونچنے کیلئے تقریباً 150کلو میٹر کا فاصلہ طئے کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے کسانوں کو کافی مصارف ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے یادداشت ریاستی چیف منسٹر اور ریاستی گورنر کو پیش کی جائے گی اور مقامی کسانوں کے مسائل کی یکسوئی تک احتجاج جاری رہے گا۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی ضلعی سکریٹری الوری مہیندر ریڈی، یوتھ کانگریس پارٹی حلقہ انچارج محمد رئیس الدین، ایم پی ٹی سی پلارما چندرا شیکھر گوڑ، سابق سرپنچ سدالہ، ایرولہ ہنمانڈلو، سرابی اشوک، اجیلہ سرینواس، نائنی انجا گوڑ اور دیگر نے حصہ لیا۔