مٹ پلی۔/2ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مٹ پلی میونسپل جونیر اسسٹنٹ گنگادھر پر 2.24 لاکھ روپیوں کی دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا۔ گنگادھر نے اپنی صفائی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی قسم کی غلطی نہیں کی ہے بلکہ میونسپل کمشنر اے شیلاجہ اور متعلقہ عہدیدار آر او کی جانب سے 11.35 لاکھ روپیوں کی دھاندلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ڈسمبر میں آسرا پنشن رقم مستحقین بروقت موجود ہونے پر 11.35 لاکھ روپئے بچے تھے اس رقم کو آر او قمر احمد کے حوالہ کیا گیا تھا۔اس مجموعی رقم کے منجملہ صرف 14ہزار روپئے ہی کھاتے میں جمع کئے گئے بقایا رقم کمشنر اور آر او کے ذریعہ انگوٹھے کے نشان لگاکر حاصل کی گئی۔ اس الزام پر کمشنر اے شیلاجہ نے کہا کہ جونیر اسسٹنٹ کے ذریعہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ان کو متعلقہ رقم وصول طلب 2.24لاکھ روپئے کے جواب میں انہوں نے غیر ضروری الزام تراشی کی ہے حالانکہ جونیر اسسٹنٹ 31اگسٹ معاملہ کی صفائی پیش کرنے کو کہا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کا پتہ لگانے جونیر اسسٹنٹ گنگادھر کو ورنگل آرجے ڈی کیلئے سرینڈر کیا گیا ہے۔
سڑک حادثہ میں ضعیف شخص ہلاک
مٹ پلی۔/2ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مٹ پلی جونیر کالج کے روبرو سڑک حادثہ میں ایک 60سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب ایک نامعلوم شخص جو سرخ رنگ کی شرٹ اور سفید رنگ کی دھوتی پر تھا مٹ پلی جونیر کالج کے روبرو قومی شاہراہ سے گذررہا تھا کہ پیچھے سے ایک موٹر بائیک نے ٹکر دے دی جس پر وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ مقامی پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے مٹ پلی سیول ہاسپٹل کو منتقل کیا اور مصروف تحقیقات ہے۔