حیدرآباد۔4 ڈسمبر (سیاست نیوز) راجندر نگر پولیس نے علاقہ عطا پور کے دو مختلف مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے مٹکہ اور قمار بازی میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب علاقہ بھرت نگر میں واقع ایک مکان میں دھاوا کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا جو مٹکے کا کاروبار چلا رہے تھے۔ انسپکٹر راجندرنگر مسٹر وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ وجئے کمار اور اس کے دو ساتھی شیوکمار اور راج کمار اپنے مکان میں مٹکے کا کاروبار چلا رہے تھے اور اس سلسلہ میں پولیس کو اطلاع ملنے پر اچانک دھاوا کیا گیا جس میں 36 ہزار روپئے نقد رقم، موبائل فون اور مٹکے سے متعلقہ دیگر اشیاء بھی ضبط کرلیا۔ ایک دوسرے واقعہ میں راجندر نگر پولیس نے بھاگیہ نگر کالونی میں دھاوا کرتے ہوئے قمار بازی میں ملوث پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بھاگیہ نگر کالونی عطا پور میں واقع ایک مکان میں غیر قانونی طور پر قمار بازی کا اڈا چلایا جارہا تھا، راجندر پولیس ٹیم نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے 5افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 70 ہزار روپئے اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔