اسپورٹس کوچنگ فاؤنڈیشن کے فری انٹری انٹر اسکول ایونٹ کا انعقاد
حیدرآباد ، 7 اکٹوبر (پریس نوٹ) صفدریہ اردو میڈیم اسکول وجئے نگر کالونی نے اسپورٹس کوچنگ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ’بیگم صغریٰ ہمایوں مرزا گرلز مِنی اولمپیاڈ‘ میں نمایاں مظاہرہ کیا۔ غریب و نادار لڑکیوں کیلئے یہ ایونٹ حالیہ گاندھی جینتی کے موقع پر یہاں ایس سی ایف کامپلکس واقع مانصاحب ٹینک میں منعقد کیا گیا جس میں 20 گورنمنٹ اسکولس اور سرکاری امدادی مدارس سے لگ بھگ 500 طالبات (چھٹی تا دسویں جماعت) حصہ لئے۔ ہر لڑکی نے کئی کھیلوں جیسے دوڑ، اچھلنا؍کودنا، باسکٹ بال، کھوکھو، کبڈی، کراٹے میں مسابقت کی۔ صفدریہ اسکول کی انعامات جیتنے والی طالبات میں عائشہ سلطانہ (60m دوڑ، اچھلنا؍کودنا)، آسیہ سلطانہ (60m دوڑ) ، امرین (اچھلنا؍ کودنا، انڈر 14 کراٹے)، عائشہ نکہت، عابدہ بیگم، سارہ بیگم (تمام انڈر 12 کراٹے)، تحسین بیگم، عائشہ بیگم، فوزیہ بیگم (تمام انڈر 14 کراٹے) شامل ہیں۔ این بی ٹی گورنمنٹ ہائی اسکول کا بھی اچھا مظاہرہ رہا۔ اس اسکول کی لڑکیوں نے 60m دوڑ، کبڈی (سینئرز)، کبڈی (جونیرز)، کھوکھو جیسے کھیلوں میں انعامات جیتے۔ ایس سی ایف نے اپنے اس فری انٹری والے ایونٹ کو سہ ماہی سطح پر منعقد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا اور اس اچھے کاز کی اسپانسرشپ پر ایل آئی سی آف انڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹر گوپال کرشنا آئی اے ایس (ریٹائرڈ) سابق اسپیشل چیف سکریٹری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے انعامات تقسیم کئے اور تمام شرکاء کوچس کو تہنیت پیش کی۔