مَیں ہنوز صد فیصد صحت یاب نہیں : گیل

ممبئی۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے رائل چیلنجرس بنگلور کے ’’دھماکو بیٹسمین‘‘ کریس گیل نے کہا ہے کہ وہ ہنوز عضلات میں جکڑن کے زخم سے صد فیصد صحتیاب نہیں ہوئے ہیں۔ اس زخم کی وجہ سے کریس گیل اپنی ٹیم کے ابتدائی چار مقابلوں میں شرکت نہیں کرپائے تھے۔ اڈیڈاس فیفا فلیگ بیرئر کی تقریب میں خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے گیل نے کہا کہ وہ عضلات میں جکڑن کی تکلیف سے مکمل صحتیاب نہیں ہوئے ہیں اور میدان پر وہ ہنوز خود کو صد فیصد آرام دہ محسوس نہیں کررہے ہیں۔ گیل کے بموجب وہ اپنے زخم اور تکلیف کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ بنگلور کے لئے گیل نے تاحال تین مقابلوں میں 85 رنز اسکور کئے ہیں

اور وہ اپنے ساتھی اوپنر وکٹ کیپر بیٹسمین پارتھیو پٹیل کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے آرام دہ محسوس کررہے ہیں کیونکہ وہ ٹیم کو دوسرے سرے سے بہتر شروعات فراہم کررہے ہیں۔ ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت رائل چیلنجرس بنگلور کو گیل اور پٹیل بہتر شروعات فراہم کررہے ہیںلیکن گزشتہ مقابلے میں انہیں دفاعی چمپین ممبئی انڈینس کے خلاف 19 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ گیل نے اس ضمن میں کہا کہ ممبئی کے خلاف گزشتہ مقابلے میں دونوں ہی اوپنرس بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے جس کی وجہ سے ٹیم کامیابی کی لکیر کو عبور کرنے میں ناکام رہی۔گیل نے اس مقابلے کے دوران اپنی ٹیم کے ساتھی بولر میچل اسٹارک اور ممبئی انڈینس کے ہم وطن ساتھی کھلاڑی کیرن پولارڈ کے درمیان ہونے والے تلخ تجربہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں اس طرح کے حالات ہوتے ہیںکیونکہ دباؤ کے لمحات میں کھلاڑیوں پر بھی اس کا منفی اثر ہوتا ہے۔