مویشی تاجر کو زدوکوبی پر روڈی شیٹر کیخلاف مقدمہ

حیدرآباد 20 اگسٹ (سیاست نیوز) سنتوش نگر پولیس نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے ایک روڈی شیٹر کے خلاف مویشی تاجر کو زدوکوب کرنے کے الزام میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ میرچوک پولیس اسٹیشن سے وابستہ روڈی شیٹر عامر سنتوش نگر پھسل بنڈے میں واقع خانگی ٹراویل ایجنسی کے دفتر پہونچ کر اُس کے مالک برہان سے کرائے پر حاصل کی گئی گاڑی سے متعلق معاملت کی یکسوئی کے لئے پہونچا تھا۔ اسی دوران دونوں کے درمیان بحث ہوگئی اور رات دیر گئے عامر نے ٹراویل ایجنسی کے مالک کو اُس کے دفتر سے باہر گھسیٹ کر لایا اور اُس سے دوبارہ بحث کرنے لگا۔ دونوں کے درمیان جھگڑا ہوتا دیکھ کر وہاں موجود مویشی تاجر محمد وسیم نے صلح کرانے کی غرض سے مداخلت کی جس پر روڈی شیٹر عامر اور اُس کے ساتھیوں نے اُس پر حملہ کردیا اور اُسے شدید زدوکوب کیا۔ یہ تمام واقعہ سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوگیا اور پھسل بنڈہ علاقہ میں کشیدگی دیکھ کر پولیس سنتوش نگر سے وابستہ پٹرولنگ گاڑیاں وہاں پہونچ گئیں اور مویشی تاجر وسیم کو روڈی شیٹر کے چنگل سے چھڑالیا۔ وسیم نے پولیس سنتوش نگر سے ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔