نئی دہلی۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ’’ہندوتوا‘‘ پر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے اشتعال انگیز بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم) نے کہا کہ جب سے بی جے پی نے مرکز میں اقتدار سنبھالا ہے، اس نوعیت کے اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ بڑھتا ہی جارہا ہے۔ پارٹی پولیٹ بیورو نے کہا کہ موہن بھاگوت کے بیانات سیکولرازم کی خلاف ورزی ہیں اور ہندو اکثریت کے نظریہ کے ذریعہ آر ایس ایس کا یہ ایجنڈہ ملک و قوم کو تقسیم کرنے کے سوائے کچھ نہیں۔ آر ایس ایس اور اس کے مماثل نظریات رکھنے والی تنظیمیں اس نوعیت کے اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ اس وقت سے جاری رکھے ہوئے ہیں جب سے مرکز میں بی جے پی نے اقتدار سنبھالا ہے لہٰذا یہ عوام کا فرض ہیکہ وہ ایسے فرقہ پرست اور پھوٹ ڈالنے والے بیانات کی مکمل طور پر مخالفت کریں بلکہ اسے مسترد کردیا جانا بہتر ہے۔