موہالی ٹسٹ میں ہندوستان آٹھ وکٹوں سے فاتح

سیریز میں 2-0کی سبقت ،چوتھے ٹسٹ کا 8 ڈسمبر کو آغاز

موہالی ۔29 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اسپنرس نے پھر ایک مرتبہ مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے یہاں منعقدہ تیسرے ٹسٹ کے چوتھے دن انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے رواں پانچ مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم میں شامل تینوں اسپنر روی چندرن اشون نے 81رنز کے عوض 3 ، رویندر جڈیجہ نے 62 رنز کے عوض 2 اور دوسرا ٹسٹ کھیل رہے جینت یادو نے 21 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو دوسری اننگز میں 236 رنز پر محدود رکھا ۔ ہندوستان کو کامیابی کیلئے 103 رنز کا نشانہ دیا گیا تھا جسے ٹیم میں واپسی کرنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین پارتھیو پٹیل نے تیز رفتار اننگز کے ذریعہ مزید آسان بنادیا جیسا کہ وکٹ کیپر نے 53 گیندوں میں ناقابل تسخیر 67 رنز بنائے جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔ ویراٹ کوہلی کے ہمراہ انھوں نے کامیابی کے لئے درکار رنز کو ایکسٹرا کور پر باؤنڈری لگاتے ہوئے حاصل کیا ۔علاوہ ازیں پارتھیو کے ہمراہ چتیشور پجارا نے دوسری وکٹ کیلئے 15.2 اوورس میں 81 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جس کی بدولت میزبان ٹیم کیلئے مطلوبہ نشانہ مزید آسان ہوگیا ۔پجارا نے 25 رنز اسکور کئے ۔ نشانہ کے تعاقب میں پارتھیو کی تیز رفتار بیٹنگ مرکز توجہہ رہی ۔ جیسا کہ انھوں نے ٹوئنٹی 20 صلاحیتوں کابھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے انگلش فاسٹ بولروں اور اسپنرس کے خلاف تیزی کے ساتھ رنز بنائے ۔

پارتھیو نے صرف 39 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کے ہمراہ اپنی نصف سنچری مکمل کی ۔ پارتھیو پٹیل کے اس تیز رفتار رنز بنانے کے بعد کپتان کوہلی اور کوچ انیل کمبلے اوپنر کے ایک اور متبادل پر ضرور تبادلۂ خیال کریں گے ۔قبل ازیں انگلش ٹیم کیلئے نوجوان حسیب حمید نے 156 گیندوں میں ناقابل تسخیر 59 رنز اسکور کرتے ہوئے انگلش ٹیم کے اسکور کو 200 رنز سے آگے لے جانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ انگلی کے زخم کی وجہ سے نمبر 8 پر کھیلتے ہوئے حمید نے ہندوستانی بولروں کا بہترین سامنا کیا ۔ خاص کر انھوں نے اشون کو چھکا مارتے ہوئے انھوں نے اپنے ٹسٹ کیرئیر کی دوسری نصف سنچری مکمل کی ۔ نوجوان حمید کے اس مظاہرے کی وجہ سے ہندوستان کو 100 سے زائد رنز کا نشانہ دیا گیا ۔ انگلینڈ کے لئے بُری خبر یہ بھی ہے کہ حمید زخمی ہوکر نہ صرف سیریز سے باہر ہوچکے ہیں بلکہ علاج کیلئے وہ وطن بھی لوٹ جائیں گے ۔ انگلینڈ کے لئے دوسرا بہتر مظاہرہ روٹ کا رہا جنھوں نے 78 رنز کی اننگز کھیلی ۔ روٹ نے اپنی اس اننگز کے دوران 179 گیندوں کا سامنا کیا اور چھ چوکے لگائے۔ حمید کے ہمراہ انھوں نے 119 گیندوں میں ساتویں وکٹ کیلئے 45 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ حمید بھلے ہی رواں سیریز سے باہر ہوچکے ہیں لیکن انھوں نے ہندوستانی اسپنرس کے خلاف جس بہترین تکنیک کا مظاہرہ کیا وہ انگلش ٹیم کا مستقبل ہے ۔ مقابلے کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے انگلش کپتان الیسٹر کک نے کہاکہ مہمان ٹیم نے ایک بہتر ٹاس جیتا تھا ،

لیکن پہلی اننگز میں 300 رنز کا نشانہ بھی عبور نہ کرنے کے بعد مقابلے میں کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ سے بھرپور مدد نہ ملنے کے باوجود بولروں نے صحیح لائن اور لینتھ کے ذریعہ حریف بیٹسمینوں کیلئے مشکلات کھڑی کرتے ہوئے کامیابی کی داغ بیل ڈالی ۔