موگا کے شرمناک واقعہ کی لوک سبھا میں گونج

نئی دہلی ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : لوک سبھا میں آج کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے پنجاب کے علاقہ موگا میں پیش آئے واقعہ پر شدید احتجاج کیا ۔ جہاں پر ایک چلتی بس میں جنسی ہراسانی سے بچنے کے لیے چھلانگ لگانے پر 13 سالہ لڑکی فوت اور اس کی ماں شدید زخمی ہوگئے ۔ پنجاب سے وابستہ دونوں جماعتوں کے ارکان نے ایوان کے وسط میں پہنچ کر شدید احتجاج کیا اور ریاست میں امن و قانون کی برقراری میں اکالی دل ۔ بی جے پی حکومت کی ناکامی پر شدید تنقید کی ۔ رنویت سنگھ بھٹو اور سنتوک چودھری ( کانگریس ) دھرم ویر گاندھی اور بھگونت مان ( عام آدمی پارٹی ) نے یہ مسئلہ اٹھانے کی ناکام کوشش کے بعد ایوان کے وسط میں ہلہ بول دیا ۔ تاہم اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ یہ مسئلہ شام میں وقفہ صفر کے دوران اٹھایا جاسکتا ہے لیکن احتجاج جاری رہنے پر اسپیکر نے 5 منٹ کے لیے کارروائی ملتوی کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پنجاب کے ضلع موگاہ میں ایک بس کنڈاکٹر کے مددگار نے خاتون مسافر کی عصمت ریزی کی کوشش کی جس کی چیخ و پکار پر ڈرائیور اور کنڈاکٹر نے کوئی مدد نہیں کی ۔ اس خاتون نے عزت بچانے کی خاطر اپنی 13 لڑکی کے ساتھ چلتی بس سے چھلانگ لگادی ۔ جس میں لڑکی فوت اور خاتون شدید زخمی ہوگئی ۔۔