جیل میں عادی سارق سے دوستی ، عوامی مقامات نشانہ ، 15 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ گاڑیاں برآمد
حیدرآباد 27 مئی (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس نے موٹر سیکلوں کے سرقہ میں ملوث ہوم گارڈ اور اُس کے 2 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 15 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ موٹر سیکلیں برآمد کرلیں۔ پولیس نے بتایا کہ اِس ٹولی کا سرغنہ 33 سالہ سمپتی بکشاپتی راجو ہے جس کا تعلق ضلع کریم نگر سے ہے۔ بکشاپتی راجو کی پہلی شادی 1999 ء میں گنگا جمنا نامی خاتون سے ہوئی تھی اور بعدازاں 2011 ء میں اُس نے سنیتا نامی لڑکی سے لو میریج کی تھی اور اس نے سنیتا کو پہلی شادی سے لاعلم رکھا تھا۔ بکشاپتی کی پہلی شادی کا پتہ چلنے پر سنیتا نے ضلع کریم نگر کے کورٹلہ پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرایا تھا جس کے نتیجہ میں پولیس نے بکشاپتی راجو کو گرفتار کرکے جگتیال سب جیل میں محروس رکھا تھا جہاں پر اُس کی ملاقات عادی سارق آر انجیا سے ہوئی اور دونوں کے درمیان گہری دوستی ہوگئی۔ جیل سے رہائی کے بعد اس نے سنیتا سے صلح کرلی تھی اور بعدازاں ہوم گارڈ کی ملازمت حاصل کرتے ہوئے کریم نگر پولیس ہیڈکوارٹرس میں تعینات ہوگیا۔ فروری 2014 ء میں انجیا اور اُس کا ساتھی شیخ دیویندر بکشاپتی راجو سے ملاقات کے لئے حیدرآباد پہونچے اور یرم منزل کورٹ کامپلکس میں موٹر سیکلوں کے سرقہ میں ملوث ہوئے۔ اسی طرح بکشاپتی راجو شہر میں واقع وائن شاپس، اسپتال، کورٹ، بس اسٹانڈ اور دیگر عوامی علاقوں میں پارک کی ہوئی موٹر سیکلوں کو نقلی چابیاں استعمال کرتے ہوئے سرقہ کیا کرتے تھے۔ گرفتار ہوم گارڈ نے مسروقہ موٹر سیکلوں کو اپنے آبائی مقام کریم نگر میں فروخت کیا۔ موٹر سیکلوں کا سرقہ کرنے کے بعد بکشاپتی راجو اصلی نمبر پلیٹس نکال دیا کرتا تھا اور انجن اور چیشی نمبر سے بھی چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اُنھیں فروخت کردیا کرتا تھا۔ پنجہ گٹہ پولیس نے اس ٹولی کی غیرقانونی سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر ہوم گارڈ پر مشتمل ٹولی کو گرفتار کرکے 30 مسروقہ موٹر سیکلیں جن کی مالیت 15 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے برآمد کرلیا۔