موٹر سائیکل سارقین کی ٹولی گرفتار

اے سی پی پنجہ گٹہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 3 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبرآباد میں موٹر سائیکلس کے سرقہ میں ملوث 7 رکنی سارقین کی ٹولی کو پنجہ گٹہ پولیس نے آج گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پنجہ گٹہ ڈیویژن مسٹر وینکٹیشورلو نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 21 سالہ ویمنا ایپا عرف امیت ہے جس کا تعلق مشرقی گوداوری سے ہے، اس نے اپنے دیگر ساتھیوں 23 سالہ کے مہیش ساکن پنجہ گٹہ، 20 سالہ ابھیجیت چٹرجی ساکن پرکاش نگر بیگم پیٹ، 19 سالہ ٹیکو دورابابو متوطن مشرقی گوداوری، 24 سالہ تروملا وینکٹیش ساکن نیو نلہ کنٹہ، 19 سالہ جی روی کمار ساکن یوسف گوڑہ اور 20 سالہ کے سچن ساکن مایوری مارگ بیگم پیٹ کی مدد سے علاقہ پنجہ گٹہ، بنجارہ ہلز، رام گوپال پیٹ اور سائبرآباد کے علاقہ کوکٹ پلی اور ناچارم میں پارک کی ہوئی موٹر سائکلس و اسکوٹیز کو نشانہ بناتے ہوئے ان کا سرقہ کیا کرتے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ مسروقہ مال کو فروخت کرنے سے حاصل کردہ رقم کو پرتعیش زندگی بسر کرنے کیلئے استعمال کیا کرتے تھے۔