موٹر سائیکل سارقین کی ٹولی گرفتار،47 گاڑیاں ضبط ، راچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی

حیدرآباد ۔ /31 اگست (سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس نے موٹر سائیکلوں کی سلسلے وار سرقہ کی وارداتوں میں ملوث عادی سارقین کی دو رکنی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے 47 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھاگوت نے کہا کہ سارقین کے ٹولی کا سرغنہ 28 سالہ دارا بھاسکر ہے جو سدی پیٹ گرام پنچایت کا ملازم ہے ۔ جس نے سنتوش نامی آٹو ڈرائیور کی مدد سے کئی موٹر سائیکلوں کا سرقہ کیا ہے ۔ مسٹر بھاگوت نے کہا کہ دارا بھاسکر نے علاقہ کشائی گوڑہ ، جواہر نگر ، نریڈمیٹ ، گھٹکیسر ، بھونگیر کے علاوہ الوال پولیس اسٹیشن حدود میں بھی 47 سے زائد موٹر سائیکلوں کا سرقہ کیا تھا ۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ نے کہا کہ مذکور ہ سارقین 28 سے زائد سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے اور پولیس نے ان کے قبضے سے 47 موٹر سائیکلیں جن کی مالیت 22 لاکھ بتائی جاتی ہے برآمد کرلیا اور گرفتار سارقین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ اس ٹولی کے دیگر سارقین جی پرمیش ، ایس گنیش اور ملیش ہنوز مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کیلئے کوشش جاری ہے ۔