ویسٹ انڈیز کو تیسرے مقابلے میں 119 رنز کی شکست
نیوزی لینڈ کے اوپنر کولن مونرو ٹوئنٹی20 کرکٹ میں تین سنچریاں اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین ہیں جبکہ ٹسٹ کرکٹ میں یہ کارنامہ آسٹریلیا کے پرسی میک ڈونیل نے انجام دیا تھا نیز ونڈے کرکٹ میں انگلش بیٹسمین ڈینس امیس کے نام ابتدائی تین سنچریوں کا ریکارڈ درج ہے۔ٹوئنٹی20 میں روہت شرما، کرس گیل، ایون لوئس اور برنڈن مکالم نے فی کس دو سنچریاں اسکور کیں ہیں۔
ماؤنٹ مانگ نیوئی۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ٹوئنٹی 20 میں بے بس کرتے ہوئے 119 رنز سے شکست دی اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 2-0 سے جیت لی جس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم عالمی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں پہلے نمبر سے محروم ہوکر دوسرے نمبر پر آگئی۔نیوزی لینڈ کے شہر تورانگا کے علاقے ماؤنٹ مانگ نیوئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔کیوی ٹیم کے اوپنر مارٹن گپٹل اور کولن مونرو نے ابتدائی 12 اوور میں ٹیم کو 136 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔بائیں ہاتھ کے اوپنر کولن مونرو نے 10 بلند و بالا چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر 104 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی سنچری اسکور کی اور اس طرح وہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 3 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے جبکہ روہت شرما ،کریس گیل ،لیوس اور برنڈن مکالم کے نام فی کس 2 سنچریاں درج ہیں ۔ مونرو نے تینوں سنچریاں گذشتہ 12 ماہ کے دوران اسکور کی ہیں۔نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 243 رنز اسکور کیے جس میں مارٹن گپٹل کے برق رفتار 63 رنز بھی شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس بریتھ ویٹ نے 2 جبکہ جیروم ٹیلر اور رایاد ایمرٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور دونوں بیٹسمن بغیر کوئی رنز بنائے ٹم ساؤتھی کا شکار بنے اور پوری ٹیم 17 ویں اوور میں 124 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ آندرے فلیچر نے 46 رنز اسکور کیے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور ایش سودھی نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔کولن مونرو کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں 223 رنز اسکور کرنے پر مونرو کو ہی سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو با آسانی 47 رنز سے شکست دے دی تھی جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔نیوزی لینڈ نے اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ایک مقام چھین لی ۔
محمدصالح عرب کے بہترین فٹبالر
قاہرہ۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )لیورپول کے اسٹرائیکرمحمد صالح کو متعدد عرب ممالک کے اسپورٹس صحافیوں کے سروے میں سال 2017ء کیلئے سال کا بہترین عرب کھلاڑی نامزد کردیا گیا۔25سالہ مصری کھلاڑی نے پریمیئرلیگ میں 17اورمجموعی مقابلوں میں23 گول اسکورکئے ہیں۔شامی ونگرعمرخریبن جوسعودی عرب میں الہلال کی طرف سے کھیلتے ہیں دوسرے اور شامی کھلاڑی عمرالصوما تیسرے نمبرپررہے۔