مولی علی میں آوارہ کتوں کا حملہ ، 8 سالہ لڑکا شدید زخمی

دواخانہ میں حالت تشویشناک ، علاقہ میں آوارہ کتوں کی بہتات سے پریشان
حیدرآباد /28 مئی ( سیاست نیوز ) ملکاجگیری کے علاقہ مولی علی میںآوارہ کتوں کی دہشت میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ آج آوارہ کتوں کے حملہ میں ایک 8 سالہ لڑکا شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل میں اس 8 سالہ لڑکے اکھیل کا علاج جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آوارہ کتوں کے اس وحشی حملہ میں کتوں نے لڑکے کے جسم کو نوچ لیا ۔ اگر فوری طور پر مقامی عوام اور بچے کے والدین بچہ کو بچانے کی کوشش نہ کرتے تو لڑکا ہلاک ہوجاتا جو تقریباً 12 تا 15 کتوں کے جھنڈ میں گھرا ہوا تھا اور آوارہ کتے اس پر ٹوٹ پڑے تھے ۔ لڑکے کی دردناک چیخ و پکار و بے کسی کو دیکھ کر مقامی عوام فوری چوکس ہوگئے اور لڑکے کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ اس علاقہ میں آوارہ کتوں کی بہتات کے متعلق بلدیہ کی جارہا توجہ دہانی کے باوجود اقدامات کا نہ ہونا ان حالات کا موجب تصور کیا بارہا ہے ۔ بارہا شکایتوں کے باوجود گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عملہ کی جانب سے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ اسی دوران بچوں کے حقوق کی تنظیم بالا مکولہ سنگم نے بلدی عہدیداروں کو حالات کا ذمہ دار ٹھہرایا اور بلدیہ کے وٹرنری عہدیدار کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ تنظیم نے لڑکے کے طبی اخراجات بلدی خزانے سے برداشت کرنے اور لڑکے کے افراد خاندان کو 5 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔