مولانا محمود مدنی کا 17 جنوری کو دورہ نظام آباد

نظام آباد :4؍جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)صدرجمعیۃ علماء آندھراپردیش حافظ پیر شبیر احمد نے آج نظام آباد میں مدرسہ مظہر العلوم میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی 17؍جنوری کے روز نظام آباد کا دورہ کررہے ہیں یہ اس روز نظام آباد میں سیرت النبیﷺ کے جلسہ کو مخاطب کریں گے ۔ ان کے علاوہ مفتی عفان منصور پوری اور دیگر جید علماء کرام اس جلسہ میں شریک ہوں گے ۔ انہوںنے مزید بتایاکہ جمعیۃ علماء آندھراپردیش کی جانب سے ربیع الاول کے ماہ میں سیرت النبی ؐ کے جلسہ کا انعقاد عمل میں لایاجارہاہے آندھرا اور رائلسیما کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع میں بھی بڑے جلسوں کا انعقاد کرنے کیلئے فیصلہ کرتے ہوئے نظام آباد بڑا جلسہ کا انعقاد عمل میں لایاجارہاہے ۔ جمعیۃ علماء اصلاح معاشرہ کے عنوان پر مسلسل جلسوں کا انعقاد کررہی ہے ۔ نطام آباد میں منعقدہ جلسہ میں نظام آباد کے علاوہ بھینسہ، میدک، عادل آباد، کریم نگر، ورنگل جیسے اضلاع کے علماء کرام شرکت کریں گے ۔ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے 26؍مارچ کو دہلی یا لکھنو میں جیل بھرو پروگرام کاانعقاد عمل میں لارہی ہے ۔

اس کے علاوہ ماہ فروری میں ریاست کی صورتحال پر بھی ایک اجلاس منعقد کیاجارہاہے ریاست کی تقسیم کے بعد جمعیۃ علماء مسلمانوں کی بھلائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل کو ترتیب دے گی۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کے بارے میں ٹی آر ایس کی جانب سے کئے گئے اعلان پر پوچھے گئے سوال کے جوابات میں حافظ پیر شبیر نے کہاکہ عدالت میں زیر التواء چار فیصد تحفظات کے مقدمات کے متعلق سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بات چیت کی جارہی ہے ۔ اور بی جے پی آر آر ایس سے بات چیت کرتے ہوئے مقدمات سے دستبرداری کیلئے بھی دبائو ڈالاجارہاہے۔ اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء ہند نظام آباد مولانا سید ولی اللہ قاسمی ، مفتی شمیم ، صدر ضلع وقف کمیٹی محمد جاوید اکرم، ڈائرکٹر دکن گرامینا بینک محمد عبدالقدوس، اشفاق احمد خان نائب صدر ضلع کانگریس کمیٹی ، سکریٹری جمعیۃ علماء محمد نصیر الدین، صدرعیدگاہ کمیٹی محمدافضل الدین، کے علاوہ دیگر علماء بھی موجود تھے۔