مولانا عبدالقوی کی گرفتاری کی مذمت

بیدر۔/28مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا غلام یزدانی اشاعتی خطیب جامع مسجد بیدر و معتمد جمیعتہ العلماء ہند بیدر نے مولانا عبدالقوی کی گرفتاری پر ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ مولانا کی گرفتاری ایک گھناؤنی اور گندی سازش ہے۔ مولانا پورے ملک میں اپنی علمی صلاحیت قابلیت اور اچھے اخلاق سے پہچانے جاتے ہیں۔ مولانا کی پوری زندگی خدمت خلق سے آراستہ ہے۔ مولانا قوی یکجہتی کے علمبردار ہیں خالص مذہبی شخصیت ہیں ان کی گرفتاری کے پیچھے فرقہ پرست لوگوں کا ہاتھ ہے، جن لوگوں نے مولانا کو گرفتار کیا ہے وہ درندہ صفت لوگ ہیں انہیں مولانا کے بڑھاپے، بیماری اور کمزوری کا خیال نہیں رہا۔ مولانا کی گرفتاری نے ملک بھر کے علماء کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد مولانا کو غیر مشروط ضمانت پر رہا کردے ورنہ ہندوستان کی جمہوریت داغدار اور عدلیہ مجروح ہوجائے گی۔