مکتھل /25 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی مجلس علمیہ آندھراپردیش کے نائب ناظم اور ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد کے مہتمم مولانا عبدالقوی کی دہلی ایرپورٹ پر اچانک گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے مستقر مکتھل کے علماء کرام ‘ دانشروں و ممتاز قائدین اور جمعیتہ علماء مکتھل کے ذمہ داروں نے اپنے شدید احتجاجی بیان میں کہا کہ اچانک اور بغیر علم و اطلاع و بغیر وارنٹ کے اس طرح کی گرفتاری دراصل مسلم ذمہ دار علماء و مقتدا کامرن کو نشانہ بناکر پوری ملت اسلامیہ کو پریشان کرنے کے علاوہ علماء کرام پر سے ملت اسلامیہ کے اعتماد کو ختم کرنے کی ایک منظم و منصوبہ سازش ہے ۔ علماء کرام مولانا عبدالعلیم کوثر قاسمی مولانا حافظ عبدالقوی حسامی ‘ ڈاکٹر الحاج شیخ چاند ‘ الحاج غلام عباس علی مولانا غلام محمد رشیدی ‘ ڈاکٹر ابوبکر صدیق ‘ قاضی شہاب الدین ‘ خطیب عبدالقدیر ‘ جناب رحیم پٹیل ‘ جناب محمد انور ‘ جناب سالم بن عمر چاؤش و دیگر نے کہا کہ ملک کے کسی بھی عالم دین پر کوئی شبہ ہو اور کسی بھی طرح کی ان سیکوئی معلومات حاصل کرنا ضروری ہوتو ان سے براہ راست رابطہ کے ذریعہ کی جاسکتی ہے ۔ مکتھ کے ان قائدین نے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ فوری مولانا کو رہاکریں ۔