مولانا عبدالقوی کی فی الفور رہائی کا مطالبہ

تحصیلدار نارائن کھیڑ کو مسلم وفد کا میمورنڈم پیش

نارائن کھیڑ۔/30مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مہتمم ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد و ادارہ امدادا لعلوم ٹرسٹ جمال پور نارائن کھیڑ مولانا الحاج محمد عبدالقوی کی دہلی ایر پورٹ سے غیر قانونی طور پر گجرات پولیس کی جانب سے گرفتاری اور انہیں گجرات منتقل کئے جانے کے خلاف اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلمانان نارائن کھیڑ کی جانب سے مولانا عبدالقوی کی فوری طور پر رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے تحصیلدار نارائن کھیڑ کو یادداشت پیش کی گئی۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ مبلغ اسلام مولانا عبدالقوی کو باعزت اور غیر مشروط طور پر رہا کردیا جائے، اور کہا گیا کہ مولانا عبدالقوی نے ساری زندگی میں دیگر سرگرمیوں سے خود کو محفوظ رکھتے ہوئے خاموش انداز میں محض دینی تعلیمات کو فروغ دینے پر اپنی توجہ مرکوز رکھی لیکن پولیس کی جانب سے مولانا عبدالقوی جیسی قدآور مذہبی شخصیت پر غیر ضروری الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جانا ہندوستانی سیکولرازم پر ایک بدنام داغ کے مترادف ہے۔ لہذا حکومت وقت کو چاہیئے کہ وہ مولانا عبدالقوی کی غیر ضروری گرفتاری کا حکم دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔اس موقع پر مسلمانان نارائن کھیڑ کا وفد جن میں مسرز سید سرفراز حسین، محمد عبدالنعیم جنرل اسٹور، محمد نعیم واچ، سید سجاد علی، محمد سلطان احمد، محمد نصیر الدین، محمد عبدالجبار، سید مزمل کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔