نظام آباد۔یکم اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمیٹی برائے علماء حفاظ وائمہ مساجد ضلع نظام آباد کے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ کے مطابق آج ریاست آندھراپردیش کی معروف علمی شخصیت و مشہور عالم دین حضرت مولانا عبدالقوی کی دہلی ایر پورٹ پر گجرات پولیس کی جانب سے بے بنیاد گرفتاری اور ان پر بے جاالزامات عائد کئے جانے کے خلاف ضلع نظام آباد کے علماء ،حفاظ وائمہ مساجد نے حضرت مولانا مفتی سعید اکبر (امام وخطیب جامع مسجد نظام آباد)اورمولانا خضر خان قاسمی ،حافظ لئیق خان ،مولانا سید سمیع اللہ کی قیادت میں کلکٹریٹ پہنچ کر ضلع کلکٹر سے ملاقات کی اور مولانا عبدالقوی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تحریری نمائندگی پیش کی گئی۔ جس میں مولانا کی جلد از جلد رہائی اورقومی سطح پر مسلمانوں کو ہراساں کرنے کی مسلسل کوششوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ شہر کے علماء، حفاظ، وائمہ مساجد نے انتباہ دیا کہ اگر مولانا عبدالقوی صاحب کی جلدازجلد عمل میں نہیں لائی گئی تو ’’جیل بھرو تحریک‘‘ کا آغاز کیا جائے گا۔ علماء نے بتایا کہ مولانا عبدالقوی کی گرفتاری سے بالخصوص ریاست کے مسلمانوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے چنانچہ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بے چینی کا ازالہ کرے اور امن وامان قائم کرنے کیلئے اقدامات روبہ عمل لائیں۔ اس موقع پر ، مولانا حیدر قاسمی، مولانا ہاشم بیگ، حافظ کلیم، حافظ عبدالرشید، مولانا ذکی، مفتی عبدالمبین، مولانا عبدالقیوم شاکر القاسمی، مفتی رئیس، مفتی محمود، مولانا ارشد، حافظ خالد، مولانا طلحہ، مولانا تراب کے علاوہ ضلع کے مختلف مقامات سے تشریف لائے سینکڑوں علماء ،حفاظ و ائمہ مساجد موجودتھے۔