بیدر /8 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جمعیتہ العلماء ہند ضلع بیدر کے عہدیداران و جمیع اراکین نے حیدرآباد کے مشہور جید عالم دین صاحب نسبت مولانا محمد عبدالقوی ناظم جامعہ اسلامیہ اشرف العلوم حیدرآباد کی ضمانت پر رہائی کا خیرمقدم کیا ہے اور مولانا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بارگاہ رب العزت میں اظہار تشکر کیا ہے ۔ مولانا کی رہائی کیلئے یہاں مدارس ، مساجد میں دعاؤں کا اہتمام بھی ہوتا ہے اور مقام جمعیتہ العلماء ہند کی جانب سے بیدر کے ڈپٹی کمشنر کی توسط سے ایک یادداشت پیش کی گئی تھی ۔ مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر مولانا محمد تصدق ندوی معتمد عمومی جمعیتہ العلماء ہند ضلع بیدر نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ انصاف کی لڑائی میں جیت ہمیشہ حق کی ہوئی ہے ۔ ملک کا مسلمان عدلیہ کے فیصلہ پر کامل ایقان رکھتا ہے اور اس کا احترام بھی کرتا ہے ۔ مولانا عبدالقوی کی ضمانت پر رہائی کے بعد بارگاہ رب العزت سے قوی توقع کی جاتی ہے کہ انشاء اللہ بہت جلد انہیں عدالت کی جانب سے باعزت بری کردیا جائے گا ۔